اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی غزہ کے شہر رفح کے رہائشی ہشام خالد حمد گزشتہ سال اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مشرقی علاقے التفاح، السنافور چوک کے اطراف، البریج پناہ گزین کیمپ کے شمالی اور مشرقی علاقوں، نیز مشرقی خان یونس پر توپ خانے سے شدید گولہ باری کی، جبکہ مختلف مقامات پر مسماری کی کارروائیاں بھی جاری رکھیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت فضائی اور توپ خانے کے حملوں، رہائشی علاقوں کی وسیع پیمانے پر تباہی، بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنانے، اور اشیائے ضروریہ، انسانی امداد اور آمدورفت پر پابندیاں برقرار رکھ کر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 10 اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک 1045 فلسطینی شہید، 3380 زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 786 شہداء کی لاشیں بھی ملبے تلے سے نکالی جا چکی ہیں۔
وزارتِ صحت نے مزید بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 73 ہزار 58 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 73 ہزار 488 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ